ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ’اگر آپ ہمیں شہری نہیں مانتے، تو ہم بھی آپ کو حکومت نہیں مانیں گے‘ پٹنہ میں کنہیا کمار کا خطاب؛ عوام کی بڑی تعداد نے کی شرکت

’اگر آپ ہمیں شہری نہیں مانتے، تو ہم بھی آپ کو حکومت نہیں مانیں گے‘ پٹنہ میں کنہیا کمار کا خطاب؛ عوام کی بڑی تعداد نے کی شرکت

Tue, 17 Dec 2019 22:53:38    S.O. News Service

پٹنہ،17/دسمبر(ایس او نیوز/ایجنسی) شہریت ترمیمی قانون کے خلاف پیر کے روز بہار میں بند کا اعلان کیا گیا جس میں عوام نے بڑی تعداد میں حصہ لیا اور حکومت سے اس قانون کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ دریں اثنا، کمیونسٹ پارٹی کے رہنما اور جے این یو طلبہ یونین کے سابق صدر کنہیا کمار نے مرکزی حکومت کو این آر سی اور شہریت ترمیمی قانون کے حوالہ سے انتباہ دیتے ہویے کہا کہ  ’’اگر آپ ہمیں شہری نہیں مانتے تو ہم بھی آپ کو حکومت نہیں مانیں گے۔‘‘

واضح رہے کہ بہار کے پورنیہ ضلع میں این آر سی (قومی رجسٹر برائے شہریت) اور سی اے اے (شہریت ترمیمی قانون) کے خلاف جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا تھا، جس میں کنہیا کمار نے لوگوں سے خطاب کیا۔ دریں اثنا، انہوں نے طلبا سے کہا کہ وہ مظاہرہ کریں لیکن امن اور ثابت قدمی کے ساتھ کریں۔

کنہیا کمار نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ’’پارلیمنٹ میں آپ یعنی بی جے پی کی اکثریت ہے لیکن ہماری اکثریت سڑک پر ہے۔ یہ لڑائی ہندو یا مسلمان کی نہیں ہے۔ ہم  بھگت سنگھ اور بابا صاحب امبیڈکر کا ملک چاہتے ہیں مگر وہ اشفاق اور بسمل کو لڑانا چاہتے ہیں، لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔‘‘

کنہیا کمار نے اپنے خطاب کے دوران دہلی کے جامعہ ملیہ اسلامیہ اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلباء پر پولس کی طرف سے کی گئی بربریت کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا پولس نے طلباء پر آنسو گیس کے گولوں کا استعمال کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پورے ملک سے طلبہ کو متحد ہونے کی ضرورت ہے لیکن اس کے لئے انہیں پرامن انداز میں احتجاج کرنا ہوگا اور حکومت کو بتانا ہوگا کہ این آر سی کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

کنہیا کمار نے کہا، ’’یہ لڑائی آئین کے تحفظ کے لئے ہے۔ ہم پرگیہ ٹھاکر والا ہندوستان نہیں چاہتے ہیں۔‘‘ دریں اثنا، کنہیا کمار نے اپنا آزادی والا نعرہ بھی دہرایا۔ انہوں نے کہا ، ’’لوگ اب این آر سی سے آزادی چاہتے ہیں۔ ہم بی جے پی سے آزادی چاہتے ہیں۔ ہم سنگھ سے آزادی چاہتے ہیں۔‘‘

اس موقع پر خطاب کرتے ہویے سی پی آئی رہنما نے کہا، ’’وزیر اعظم نے کہا کہ وہ مظاہرین کی باڈی لینگویج کو سمجھتے ہیں لیکن وزیر اعظم کو معلوم ہونا چاہیے کہ ہم ان کی سوچ کو بخوبی سمجھ رہے ہیں۔‘‘ ہم این آر سی سے متعلق کوئی کاغذات نہیں دکھائیں گے لیکن پیاز کی بڑھتی قیمتوں اور دیگر عام پریشانیوں کا ذکر ضرور کریں گے۔


Share: